بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا انسانی صحت کیلئے نقصان دہ سبزیوں کے خلاف کریک ڈائون، 65 ایکڑ اراضی پر کاشت اور تیار مضر صحت سبزیاں تلف کر دی گئیں

منگل 1 جولائی 2025 17:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے انسانی صحت کیلئے نقصان دہ سبزیوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں سمنگلی اور نوحصار کے علاقوں میں 65 ایکڑ اراضی پر کاشت اور تیار مضر صحت سبزیاں تلف کر دی گئیں۔ کارروائی کے دوران چقندر، کدو، ٹماٹر اور دھنیا جیسی سبزیوں کی بڑی مقدار کو ٹریکٹر چلا کر مکمل طور پر تلف کیا گیا۔

واضح رہے کہ مضر صحت سبزیوں کی تلفی کے عمل میں پولیس حکام کے ہمراہ بی ایف اے کی آپریشن ٹیمیں گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل سرگرم عمل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کے مطابق زرعی اراضی میں سیوریج اور گٹروں کے زہریلے پانی سے سبزیوں کی آبیاری نہ صرف قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ عوام کی صحت کیلئے بڑا خطرہ بھی ہے جس کے پیشِ نظر صوبائی وزیر اور چیئرمین بی ایف اے کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ایسے کاشتکاروں کے خلاف کارروائی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے ،جو گندے پانی سے پیداوار حاصل کر کے مارکیٹ میں مضر صحت سبزیاں فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وقارخورشید عالم کامزید کہنا ہے کہ لوگوں کی صحت سے کھیلنے والے کاشت کار کسی رعایت کے مستحق نہیں، گندے پانی سے کاشتکاری کے خاتمے اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے،زہریلی فصلوں کا مکمل خاتمہ اور عوام کو محفوظ، معیاری خوراک کی فراہمی ہمارا اولین مشن ہے۔اس سلسلے میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صحت بخش خوراک کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ایسی سبزیوں کی خریداری سے گریز کریں جو غیرمعیاری یا مشتبہ ذرائع سے حاصل کی گئی ہوں جبکہ شہری کسی بھی قسم کی شکایت یا اطلاع کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی طرف سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ صحت بخش خوراک کی فراہمی اور انسانی صحت کے تحفظ کیلئے کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور مضر صحت اشیائے خورونوش کی پیداوار اور فروخت کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔