محرم الحرام کے دوران عزاداران کو مکمل سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنرو ڈی پی او

منگل 1 جولائی 2025 23:12

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کے دوران عزاداران کو مکمل سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد انتظامات کی کڑی نگرانی کررہے ہیں، اس حوالے سے انہوں نے ڈی پی او سید علی کے ہمراہ امام بارگاہ حیدریہ اور سیف سٹی سنٹر کا دورہ کیا۔

دونوں افسران نے مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر جا کر صفائی، روشنی، بجلی کی فراہمی، متبادل جنریٹرز سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ سیف سٹی سنٹر میں آن لائن کیمروں کے ذریعے ضلع بھر میں جاری مجالس کی مانیٹرنگ کی گئی اور افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن کمیٹیوں اور منتظمین کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔اس موقع پر ڈی پی او سید علی نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی فول پروف بنائی گئی ہے۔ پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔ عوام کے تعاون سے امن و امان کی مثالی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔