مون سون بارشوں کے دوران حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں ، چیف ایگزیکٹو آئیسکو کی ہدایت

منگل 1 جولائی 2025 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) آئیسکو چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں، سسٹم پر آنے والے فالٹسز کی بروقت کلیئرنس ممکن بنائی جائے ، 11کے وی فیڈرز کی مکمل پٹرولنگ کی جائے۔منگل کو آئیسکو سے جاری بیان کے مطابق ملک کے دیگر حصوں کی طرح آئیسکو ریجن میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آئیسکو چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ایک مراسلے میں ہدایات کی ہیں کہ ہم نے معزز صارفین کو بجلی کی بلاتعطل ترسیل اور سسٹم پر آنے والے فالٹسز اور ٹرپپنگ کی بروقت کلیئرنس کو ہر صورت میں یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ 11کے وی فیڈرز کی مکمل مانیٹرنگ اور پٹرولنگ یقینی بنائی جائے اور جمپرز، کراس آرمز، انسولیٹرز، سٹیے وائرز اورکمزور پوائنٹ اور دیگر نقائص کو فوری طور پر درست کیا جائے۔

(جاری ہے)

دفاتر میں اضافی ٹرانسفارمرز، بجلی کے کھمبوں، میٹرز اور دیگر میٹریل کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں ، کسی بھی بریک ڈائون کی صورت میں آپریشن، کنٹرکشن اور جی ایس او کی ٹیمیں ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے ہمراہ قلیل وقت میں تمام سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے بجلی کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔ مزید معزز صارفین کو شکایات کے اندراج کے لئے مہیا کردہ فورمز اور بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے معزز صارفین کو بارش کے دوران حفاظی اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں پرنٹ، الیکٹرونک ، سوشل میڈیا اوردیگر کے ذریعے مکمل معلومات فراہم کی جائیں،اس سارے آپریشن کی نگرانی کے لئے ہیڈ کوارٹر، سرکلز اور ڈویژنز کی سطح پر کنٹرول رومز تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔