وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کے میڈیکل کالجز کی گورننگ باڈی کا اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 19:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کے میڈیکل کالجز کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر صحت نثار انصر ابدالی ، وزیر کمیونیکشن اینڈ ورکس چوہدری اظہر صادق ، چیف سیکرٹری آزادکشمیر خوشحال خان ، سیکرٹری مالیات اسلام زیب اور آزاد کشمیر کے تینوں میڈیکل کالجز کے پرنسپلزنے شرکت کی۔

اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو آزاد کشمیر کے میڈیکل کالجز کی ریکروٹمنٹ پالیسی ، فنانشل پالیسی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں میڈیکل کالجز کے لیے پروفیسرز اور ایسوسی ایٹس پروفیسر کی تقرریوں کے طریقہ کار اور مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق امور سمیت نرسنگ کالجز کے لیے فیکلٹی کی ضروریات اور ریکروٹمنٹ پالیسی کے امور بھی زیر بحث آئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ چہرے دیکھ کر قانون نہیں بنائے جاسکتے ہیں، ہر چیز کا ایک طریقہ ہائے کار واضح ہونا چاہیے تاکہ چیزیں بہتری کی جانب گامزن ہو سکیں، قانون سے کوئی بھی مبرا نہیں ، میڈیکل کالجز ٹھیک ہوں گے تو صحت عامہ سیکٹر پر دباؤ کم ہوگا، میڈیکل کالجز میں ریکروٹمنٹ کا طریقہ کار قانون کے عین مطابق ہونا چاہیے، میڈیکل کالجز ایکٹ میں اگر ترمیم کی ضرورت ہے تو کی جائیگی ۔

وزیراعظم آزادکشمیر کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکل کالجز اچھا کام کررہے ہیں، ہمیں پنجاب اور وفاق میں میڈیکل کالجز کے اچھے نظام کو دیکھتے ہوئے چیزیں اسی سمت میں ڈالنا ہوں گی، ہر چیز کی جوازیت ہونی چاہیے ، بلاجواز اقدامات سے معاملات خراب ہوتے ہیں ، آزاد کشمیر کے تینوں میڈیکل کالجز مستقبل کا سرمایہ ہیں،حکومت نے صحت عامہ میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے میڈیکل کالجز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، فیکلٹی سٹرکچر بہتر ہوگا تو معیار میں بہتری آئے گی۔