محکمہ سول ڈیفنس فیصل آباد کی کارروائی، ایل پی جی کا غیر قانونی کاروبار کرنے پر793 دکا نیں سیل ، 51 مقدمات درج

منگل 1 جولائی 2025 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنرفیصل آباد کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی سربراہی میں غیر قانونی گیس ریفلنگ کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی۔سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس نے بتایا کہ محکمہ سول ڈیفنس نے مئی اور جون کے دوران بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایل پی جی کا غیر قانونی کاروبار کرنے پر793 دکانوں کو سیل،51 کیخلاف سیل توڑنے پر مقدمات درج جبکہ 837 کا سامان ضبط کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے825مالکان کا سامان قبضہ میں لیا گیا جبکہ تحصیل جڑانوالہ اورکھرڑیانوالہ کے12دکانداروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے سامان ضبط کر لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مدینہ ٹاؤن،سول لائن،سرگودھا روڈ،فیکٹری ایریا، سمن آباد،گلبرگ،ڈی ٹائپ کالونی،غلام محمد آباد، پیپلز کالونی،بٹالہ کالونی،ملت ٹاؤن،صدر،جھنگ بازار،نشاط آباد اور ٹھیکری والا کے تھانوں میں سیل ٹیمپرنگ کرنے والے51 افرادکیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے اس اقدام کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور غیر قانونی گیس کے ذریعے پیدا ہونے والے خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہریوں کے تعاون سے ہی اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر سول ڈیفنس کو دیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ رکھاجاسکے۔رانا عباس نے کہا کہ سول ڈیفنس کی جانب سے یہ کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ شہر کو غیر قانونی اور خطرناک گیس سلنڈروں سے پاک کیا جا سکے۔