ایف ڈی اے کے زیر اہتمام یکم جولائی سے جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے رئیل ٹائم کا اجرا

منگل 1 جولائی 2025 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کے زیر اہتمام یکم جولائی سے جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کا دائرہ زیر کنٹرول تمام سترہ رہائشی کالونیوں تک وسیع کر دیا گیا ہے جو کہ جدید اصلاحات کی ترویج کے مشن میں کامیابی اور پنجاب بھر میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں برتری حاصل کرنے کا اعزاز ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کو اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کے بارے متعلقہ شعبے سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ نے جدید سروسز کے اہداف کے حصول کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایاکہ مختلف سروسز سے متعلق درخواست گزاروں کو کم سے کم وقت میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت ہمہ نوعیت کے دیگر اقدامات کے علاوہ جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ رئیل ٹائم میں موقع پر ہی اجراء کے لئے مرحلہ وار نظام شروع کیا اور اب ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول 17 رہائشی کالونیوں کی جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کے قابل ہو گئے ہیں جسکی بدولت درخواست گزاروں کو بار بار دفتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اور درخواست جمع ہونے کے ساتھ ہی آن لائن تصدیق کے ذریعے فیس کی ادائیگی کے فوری بعد یہ سرٹیفیکٹ جاری کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار کو پراپرٹی کے اونر شپ سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء میں ایف ڈی اے پنجاب بھر میں سرفہرست ہے اور آئندہ اقدامات کے تحت پراپرٹی مالکان ضرورت کے تحت گھر بیٹھے آن لائن اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ آئندہ مرحلہ میں ٹاؤن پلاننگ رپورٹ کا بھی رئیل ٹائم اجراء کیا جائے گا اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کے لئے مزید آسانیاں و سہولیات فراہم کرنے کے لئے جدید اصلاحات کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں اور مروجہ سسٹم میں کسی لمحہ کوئی خلل یا رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔