ح*ای او بی آئی ریفرنڈم میں ایمپلائز فیڈریشن پاکستان کی شاندار کامیابی

{پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے وفد کا عطا محمد خان کو خراجِ تحسین

منگل 1 جولائی 2025 20:35

:لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء)پنجاب یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے جوائنٹ سیکرٹری جاوید حاکم اپنی ٹیم کے ہمراہ ای او بی آئی ایمپلائز فیڈریشن پاکستان کو ریفرنڈم میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد پیش کرنے کے لیے فیڈریشن کے دفتر،گارڈن ٹاؤن لاہور پہنچے۔ ان کے ہمراہ معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور چیئرمین جیو سٹیزن عبداللطیف بیگ، سید غلام میراں شاہ، اور محمد شاہد جٹ بھی موجود تھے۔

جاوید حاکم اور ان کے ساتھیوں نے فیڈریشن کے صدر عطا محمد خان اور ان کی ٹیم کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مزدوروں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ممتاز مزدور رہنما محمد حنیف رامے اور محمد سرور بابا بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن کے صدر عطا محمد خان نے تمام مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی کے مستحق ملازمین کی پنشن کے اجرا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہماری تنظیم ہر ممکن معاونت اور رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مزدور طبقے کے اعتماد کا مظہر ہے اور ہم اس پر ہمیشہ پورا اٴْتریں گے۔عطا محمد خان نے مزید کہا کہ ہماری جدوجہد مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہے، جو بغیر کسی ذاتی مفاد کے جاری رہے گی۔ آخر میں انہوں نے سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاک ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔