پختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی، ندی نالوں ،دریاوئں میں سیلاب کا خدشہ

مختلف اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہیں، محکمہ موسمیات

منگل 1 جولائی 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی جس کے نتیجے میں ندی نالوں اور دریاوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام اور شانگلہ کے علاقوں میں بارش کیساتھ ساتھ آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے، اسی طرح کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم اور مہمند میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔

ادھر پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، خیبر اورکزئی، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع بھی بارشوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ ان علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواں کے ساتھ شدید بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سوات، پنجکوڑہ اور کابل کے دریاوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث طغیانی آ سکتی ہے جب کہ صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، شانگلہ اور وزیرستان کے مقامی ندی نالوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پشاور، نوشہرہ، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے اور طغیانی کی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔مزید برآں خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں، جو ٹریفک کی روانی اور سڑکوں کی بندش کا سبب بن سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔