ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں فری لانسرز کا کردار بہت اہم ہے، گورنر پنجاب کا سیکنڈ آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈز 2025کی تقریب سے خطاب
منگل 1 جولائی 2025
22:10
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکنڈ آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈز 2025کی تقریب میں گورنر پنجاب نے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری کے ہمراہ فری لانسرز کو ایوارڈز دئیے جس کا مقصد گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جو ملک کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار، لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ، مدثر نعیم چوہدری ، کنوینر، سٹینڈنگ کمیٹی برائے آئی ٹی انفراسٹرکچر اینڈ ٹریننگ ،روانڈا کے لیے پاکستان سفیر نعیم خان ، کاروباری شخصیات اور آئی ٹی سیکٹر سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
(جاری ہے)
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فری لانسرز صرف ماہرین نہیں بلکہ ہیروز ہیں جو پاکستان کی عالمی ساکھ کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ زرمبادلہ لا کر معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، جدت کو فروغ دے رہے ہیں اور بین الاقوامی نیٹ ورکس قائم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ لاہور چیمبر اس ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل قوت کو بھرپور شناخت دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ساری دنیا میں آئی ٹی خدمات فراہم کررہے ہیں جو فخر کی بات ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ فری لانسنگ پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، لاہور چیمبر کو سہولیات دینے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ پالیسیوں او رٹیکس چھوٹ کے ذریعے انہیں بھرپور سپورٹ کرے۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت، ثابت قدم اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہیں۔
فری لانسنگ کے ذریعے وہ قیمتی زرمبادلہ لا رہے ہیں اور پاکستان کی نرم طاقت کو فروغ دے رہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت ٹیکس اصلاحات، بین الاقوامی ادائیگی کے ذرائع اور محفوظ ڈیجیٹل ورکنگ ماحول فراہم کرے۔نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہاکہ فری لانسنگ اب ثانوی پیشہ نہیں رہا بلکہ ایک مضبوط اقتصادی ستون بن چکا ہے۔ پاکستان کے پاس ٹیلنٹ موجود ہے، اب ہمیں صرف انفراسٹرکچر، پالیسی سپورٹ اور عالمی رسائی درکار ہے۔
میاں انجم نثار نے کہا کہ فری لانسرز پاکستان کی معیشت کا وہ خزانہ ہیں جسے ابھی پوری طرح استعمال نہیں کیا گیا۔ ان کو عزت دے کر ہم نہ صرف ان کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی ڈیجیٹل خود انحصاری کی طرف مائل کر رہے ہیں۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو حوصلہ افزائی، مواقع اور ادارہ جاتی معاونت کی اشد ضرورت ہے۔ ایسے ایونٹس ہمارے آئی ٹی سیکٹر کو فروغ اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کی ترغیب دیں گے۔
مدثر نعیم چوہدری ،کنوینر، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے آئی ٹی انفراسٹرکچر اینڈ ٹریننگ نے کہا کہ وہ ڈیجیٹل بااختیاری کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان کی فری لانس معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے قومی و بین الاقوامی سطح پر اشتراک کے لیے کوشاں رہیں گے۔ پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے 22 باصلاحیت فری لانسرز کو مختلف شعبوں میں اعلی کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا گیا جن میں نادیہ محمود کارٹون / کامک کیریکٹر ڈیزائنر، ثنا مبشر کانٹینٹ رائٹنگ، میاں فیضان محمود سوشل میڈیا مارکیٹنگ ، عدنان علی ڈیو اپس اسپیشلسٹ، سیدہ صبا عثمان ای بک پبلشنگ، زاہد عمران ،موبائل ایپ ڈویلپمنٹ، فرحان نذیر ، پیکیجنگ و لیبل ڈیزائن، اقرا سرفراز خواتین میں ابھرتی ہوئی ٹیک انٹرپرینیور، محمد ذوہیب ایوب سرچ انجن آپٹیمائزیشن، سید سعد عباس گرافک ڈیزائن، محمد رحمان صغیر ویڈیو اینیمیشن، حافظ محمد مجید محمود ورچوئل ریئلٹی ڈویلپمنٹ، سرفراز عقیل ویب ڈویلپمنٹ، صلاحہ ظفر ، محمد منیب شکور ،بزنس اینالسٹ اور لیڈز جنریشن شامل تھے۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد ، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان ، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، سابق نائب صدر مدثر نعیم چودھری، کوکنوینر سٹینڈنگ کمیٹی عماد ملک اور این جے ڈائنامک سولوشنز دانذیر کو خصوصی ایوارڈز دئیے گئے۔