Live Updates

ایم ڈی واسا کی زیر صدارت اجلاس ، لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام اور محرم الحرام کی تیاریوں کا جائزہ

منگل 1 جولائی 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت واسا لاہور شہر کی ترقی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس سلسلے میں ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور محرم الحرام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام ٹاون ڈائریکٹرز اور ایکسیئنز نے ویبینار کے ذریعے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ایم ڈی واسا کو بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کا مجموعی طور پر 80 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مختلف زونز میں کام کی پیش رفت کچھ اس طرح ہے۔گلبرگ زون میں 99 فیصد،راوی زون 1میں 75 فیصد،راوی زون 2میں 76 فیصد،داتا گنج بخش زون میں88 فیصد،سمن آباد زون میں 85 فیصد،نشتر زون 1میں 70 فیصد،نشتر زون 2میں 80 فیصد، اورشالیمار زون میں 99 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔مزید برآں، ایم ڈی واسا نے واضح ہدایات جاری کیں کہ مون سون سیزن کے دوران اے ڈی پی منصوبوں میں کسی قسم کی کھدائی نہ کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مون سون سے قبل شہر بھر کے تمام واٹر ٹینکس کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے عمل میں کوئی خلل نہ آئے۔

محرم الحرام کے حوالے سے ایم ڈی واسا نے تمام ڈائریکٹرز کو خصوصی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں اور متعلقہ علاقوں میں نکاسی آب کے مکمل انتظامات کیے جائیں، اور بارش کی صورت میں ہیوی مشینری و عملہ ہمہ وقت الرٹ رہے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی واسا کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات