غزہ میں جنگ بندی میں حائل اختلافات حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، مصری وزیر خارجہ

بدھ 2 جولائی 2025 08:50

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور غزہ میں فائر بندی کے معاہدے پر اب بھی کچھ نکات پر اختلاف باقی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے العربیہ نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ انھوں نے چند گھنٹے قبل قطر کے وزیر خارجہ اور وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے رابطہ کیا ہے تاکہ ان اختلافی نکات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور ان کا حل تلاش کیا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ بعض نکات پر اتفاق رائے حاصل ہو چکا ہے، جبکہ باقی مسائل پر بات چیت جاری ہے۔مصری وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میں مذاکرات کے مفاد میں زیادہ تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ اس وقت 60 روزہ جنگ بندی اور فائر بندی کے معاہدے تک پہنچنے کا موقع موجود ہے، جس کے دوران غزہ میں امدادی سامان داخل کرنے کی اجازت دی جائے گی اور اس مدت کے دوران مذاکراتی عمل کو مکمل کیا جائے گا۔