سعودی قیادت کی کینیڈا، روانڈا اور صومالیہ کو قومی دنوں پر مبارکباد

بدھ 2 جولائی 2025 09:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) سعودی عرب کی قیادت نے کینیڈا کے قومی دن اور روانڈا، صومالیہ کے یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔العربیہ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے تینوں ملکوں ممالک کے سربراہان اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔

ان ملکوں کے عوام کی مزید ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کینیڈا کی گورنر جنرل محترمہ میری مے سائمن کو یومِ کینیڈا کے موقع پر ایک تہنیتی پیغام بھیجا۔ انہیں مبارکباد دی اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ اور دوست کینیڈا کی حکومت اور عوام کے لیے مسلسل ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔

(جاری ہے)

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی اس موقع پر کینیڈا کی گورنر جنرل محترمہ میری مے سائمن کو ایک تہنیتی پیغام بھیجا۔دریں اثنا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے جمہوریہ روانڈا کے صدر پال کاگامے کو ان کے ملک کے یومِ آزادی کی سالگرہ کے موقع پر ایک تہنیتی پیغام بھیجا۔ انہیں مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ روانڈا کی حکومت اور عوام کے لیے مسلسل ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی اپنے تہنیتی پیغام میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔مزید برآں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے صومالیہ کے صدر ڈاکٹر حسن شیخ محمود کو ان کے ملک کے یومِ آزادی کی سالگرہ کے موقع پر ایک تہنیتی پیغام بھیجا۔ صومالیہ کی حکومت اور عوام کے لیے سلامتی و استحکام کی دعا کی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی اپنے پیغام میں صومالیہ کے یوم آزادی پر مبارک باد پیش کی۔