بھارت میں کچھ پاکستانی فنکاروں کے اکائونٹس بحال

ماہرہ خان، وہاج علی، فواد خان، اقرا عزیز، فرحان سعید، ہانیہ عامر، اور دیگر کے اکائونٹس پر پابندی بدستور برقرار ہے

بدھ 2 جولائی 2025 14:06

بھارت میں کچھ پاکستانی فنکاروں کے اکائونٹس بحال
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)بھارت میں کئی پاکستانی اداکار و اداکارائوں کے سوشل میڈیا اکائونٹس کو بین کیے جانے کے بعد اب ان میں سے کچھ پر عائد پابندی کو غیر اعلانیہ طور پر اٹھا لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اپریل کے آخری عشرے میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہوئے حملے کا الزام بھارتی حکومت نے پاکستان پر دھر دیا تھا اور اس کے بعد سے ہی پاکستان مخالف اقدامات کا سلسلہ بھی شروع کردیا تھا۔

پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کی اپنے ملک میں مقبولیت سے پریشان بھارتی حکومت کو گویا ایک بہانہ مل گیا اور اس نے پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بھارت میں بند کردیا جس میں بڑے انٹرٹینمنٹ چینلز بھی شامل تھے۔بھارتی حکومت کے فن کو محدود کرنے کے اقدامات کا سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ اگلا قدم پاکستانی فنکاروں تک اپنے شہریوں کی رسائی روکنے کا تھا جس کے لیے اس نے سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کے اکائونٹس کو اپنے ملک میں بین ردیا۔

(جاری ہے)

اس پابندی کی زد میں آنے والے اکائونٹس تک رسائی کی کوشش پر یہ جملہ نظر آتا ہے کہ اس کانٹینٹ پر پابندی لگانے کی قانونی درخواست کی تعمیل کرتے ہوئے یہ اکائونٹ بھارت میں دستیاب نہیں ہے۔پاکستان کے کئی نامور فنکاروں سمیت کرکٹرز اور دیگر مشہور شخصیات اس پابندی کا شکار بنے تھے۔تاہم آج بھارتی سوشل میڈیا صارفین اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے کچھ پاکستانی فنکاروں کی پوسٹس اپنی ٹائم لائن پر ملاحظہ کیں۔

جس کے بعد انکشاف ہوا کہ کچھ فنکاروں کے اکائونٹس تک بھارتی صارفین کی رسائی بغیر وی پی این کے بھی ممکن ہورہی ہے یعنی ان اکائونٹس پر عائد کردہ پابندی کو غیر اعلانیہ طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔پڑوسی ملک میں جن فنکاروں کے اکائونٹس تک صارفین کی رسائی بحال ہوئی ہے ان میں اداکار دانش تیمور، احد رضا میر، ماورا حسین، اور یمنی زیدی نمایاں ہیں۔

ان اکانٹس کے دوبارہ منظر عام پر آنے سے انٹرنیٹ پر ایک بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا ان پر عائد کردہ پابندی اٹھالی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے بھارتی حکام کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔اگرچہ کچھ اداکاروں کے سوشل میڈیا اکانٹس تک بھارتی مداحوں کی رسائی بحال ہوگئی ہے لیکن ماہرہ خان، وہاج علی، فواد خان، اقرا عزیز، فرحان سعید، ہانیہ عامر، اور دیگر کے اکائونٹس پر پابندی بدستور برقرار ہے۔