ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر سرگودھا کی شاہپور میں کارروائی، غیر قانونی ادویات برآمد ،2 میڈیکل سٹورز سیل

بدھ 2 جولائی 2025 16:51

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر سرگودھانےشاہپور میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ادویات برآمد کر کے دو میڈیکل سٹورز کو سیل کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب ڈرگ ٹاسک فورس ،چیف ڈرگز کنٹرولر پنجاب اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر کی ہدایات پر ڈپٹی ڈرگز کنٹرولر ڈاکٹر فہیم ضیاء کی قیادت میں تحصیل شاہپور کے مختلف میڈیکل سٹورز پر کریک ڈاؤن کیا۔

چھاپوں کے دوران قلب عباس موضع نتھو والا کے میڈیکل سٹورز سے بھاری مقدار میں غیر قانونی ادویات برآمد ہوئیں، جن میں بغیر بل اور وارنٹی والی ادویات کے ساتھ ساتھ ایکسپائر ادویات اور بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات کی سیل و فروخت بھی شامل تھیں۔مذکورہ میڈیکل سٹور کو سیل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عبدالغفور کو غیر قانونی ادویات جن میں نشہ آور ادویات، انجکشن، بغیر لیبل والی ادویات اورجعلی ادویات ، بغیر سائن بورڈ میڈیکل سٹور کی آڑ میں بغیر ڈرگ سیل لائسنس خرید و فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ کر تمام ادویات قبضے میں لے لی گئیں اور میڈیکل سٹور کو سیل کر دیا گیا۔

ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف مستند اور رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز سے ہی ادویات خریدیں تاکہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ممکن ہو سکے۔