میانداد کے چھکے سے شادی خراب ہوئی ،عامر خان

بدھ 2 جولائی 2025 18:55

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنی شادی کے دن جاوید میانداد کے چھکے سے جڑی مایوسی کا انکشاف کیا ہے۔ایک انٹرویو میں عامر خان نے بتایا کہ میں نے اور رینا دتہ نے 21سال کی عمر میں خاندان کی مخالفت کے باوجود خفیہ شادی کر لی تھی، جب شادی کے بعد گھر واپس آئے تو دونوں کے خاندان پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کرکٹ میچ میں مصروف تھے، اس لئے کسی کو ان کی غیرموجودگی کا اندازہ نہ ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ وہی مشہور میچ تھا جو 10 اپریل 1986ء کو شارجہ میں کھیلا گیا تھا جس میں جاوید میانداد نے آخری گیند پر چھکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی تھی۔ عامر خان نے کہا کہ بھارت کی جیت کے قریب ہونے پر وہ بہت خوش تھے لیکن جاوید میانداد کے چھکے نے ان کی خوشی کو افسوس میں بدل دیا۔انہوں نے بعد میں فلائٹ کے دوران ایک ملاقات میں میانداد سے مذاق میں کہا جاوید بھائی، آپ نے میری شادی کا دن خراب کر دیا تھا۔ اس دن میری شادی تھی اور آپ نے چھکا لگا کر بھارت کو ہرا دیا اور میری شادی کا دن مایوسی میں بدل دیا تھا۔