علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے میٹرک تا پی ایچ ڈی داخلوں کا یکم جولائی 2025ء سے آغاز کر دیا گیا، ریجنل ڈائریکٹر محمد زبیر

بدھ 2 جولائی 2025 19:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے میٹرک تا پی ایچ ڈی داخلوں کا یکم جولائی 2025ء سے آغاز کر دیا ہے جس میں 17 نئے پروگرامز پہلی بار متعارف کرائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریجنل ڈائریکٹرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سرگودھا ریجن محمد زبیر نے ریجنل آفس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں داخلوں کے حوالے سے اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2025ء میں میٹرک، ایف اے، بی ایس، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز ،ایم فل، پی ایچ ڈی ودیگر پروگرام میں یکم جولائی 2025ء سے داخلے شروع ہوچکے ہیں۔ داخلوں میں اوپن ڈسٹنس لرننگ اور فیس ٹو فیس دونوں اقسام کے پروگرامز شامل ہونگے۔ ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ تمام پروگرامز کی تفصیلات کے لیے پراسپیکٹس اور آن لائن داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پردستیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر محمد زبیر نے کہا کہ علاقائی کیمپس میں طلباء کیلئے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ آن لائن داخلوں میں کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ عملہ ہر وقت موجود رہے گا تاکہ طلباء کو مکمل رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا سکے۔ داخلے کے خواہشمند اُمیدوار مزید معلومات کیلئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے قریبی علاقائی دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں یا یونیورسٹی کی ہیلپ لائن نمبری 468-112-111-051 پر کال کرسکتے ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر محمد زبیر نے کہا کہ یہ ان تمام طلباء کیلئے سنہری موقع ہے جو معیاری اور با آسانی قابل تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گھر،گھر تعلیم پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے تاکہ ایک پڑھا لکھا معاشرہ تشکیل پاسکے۔