محرم الحرام کے سلسلے میں فیصل آباد ڈویژن میں صفائی پلان جاری کر دیا گیا

بدھ 2 جولائی 2025 19:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت محرم الحرام کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روف احمد کی ہدایت پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں یوم عاشورہ کے سلسلہ میں صفائی پلان جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت عملہ صفائی دن اور رات کے اوقات میں صفائی کے فرائض سرانجام دے گا۔

آپریشن پلان کے تحت ایف ڈبلیو ایم سی کی زیر نگرانی ویسٹ ورکر دو شفٹوں میں صفائی آپریشن پر مامور ہوں گے۔ مرکزی امام بارگاہوں کے بیرونی اطراف بھی صفائی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں۔ مجالس کے روٹس کو ہر قسم کے ملبے سے کلیئر کروایا جا رہا ہے جبکہ جلوس کے راستوں پر مٹی و دھول کے خاتمے کیلئے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ مکینیکل واشنگ اور چونے کے چھڑکاؤ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی روف احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔محرم کے عشرہ کے دوران شہریوں کو صفائی کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزاداروں کی سہولت کیلئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر4 خصوصی سبیل کیمپ اور3 موبائل سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔