پنجاب ہائی وے پٹرول صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت و تحفظ اور قوانین کی پاسداری کیلئے سرگرم عمل

ماہِ جون میںشاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 3.6 ملین افراد کو چیک کیا گیا، 392 اشتہاری مجرمان ،عدالتی مفروران کو گرفتارکیاگیا

بدھ 2 جولائی 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)پنجاب ہائی وے پٹرول صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت و تحفظ اور قوانین کی پاسداری کیلئے سرگرم عمل ہے جس کے تسلسل میں پی ایچ پی نے ماہِ جون 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ماہ جون میں پی ایچ پی نے شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 3.6 ملین افراد کو چیک کیا۔

دورانِ چیکنگ 392 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ پنجاب بھر کی شاہرات پر 1.6 ملین گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور 275 چوری شدہ گاڑیاں / موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 33 ہزار 08 سو 98 اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 1096 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی- شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر 20 ہزار 01 سو 25 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

56 گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا گیا اور 6582 عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہا کو بہتر بنایا گیا۔13618 مسافروں کو شاہرات پر مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی۔ پولیس خدمت مراکز پر 18490 شہریوں کو مختلف پولیسنگ خدمات فراہم کی گئیں۔ ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 52 مقدمات درج کئے گئے،ملزمان کے قبضہ سے 02 کلاشنکوف، 04 رائفلز، 46 پسٹلز اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔

منشیات فروشوں سے 1170 لیٹر شراب، 430 گرام چرس اور 80 گرام آئس برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے بہترین کارکردگی پر پی ایچ پی کو شاباش دی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی خدمت و حفاظت کیلئے بھرپور محنت اور خلوص نیت سے فرائض سر انجام دئیے جائیں۔