مری،معمولی تکرار پر 2گروپوں میں فائرنگ اور پتھراؤ، متعدد افراد زخمی

شدید فائرنگ سے وہاں آئے سیاحوں اور ان کی فیملیز میں خوف و ہراس پھیل گیا ، بھگڈر مچ گئی

بدھ 2 جولائی 2025 22:05

مری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)پنجاب کے ضلع مری میں معمولی تکرار پر 2گروپوں کے درمیان فائرنگ اور پتھراؤ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق جی پی او چوک میں دونوں گروپوں کے افراد کی جانب سے جدید اسلحے سے 3گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔مری میں شدید فائرنگ سے وہاں آئے سیاحوں اور ان کی فیملیز میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگڈر مچ گئی۔

(جاری ہے)

گھنٹوں جاری رہنے والی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور سیاحوں کی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کرلیا، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ مری میں موجودہ انجمن تاجران اور سابقہ انجمن تاجران کے درمیان تصادم ہوا، تاہم اب صورتحال کنٹرول میں ہے اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر موجود ہے۔