Live Updates

ریفرنس دائر کردیا، جو آئین و حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے انہیں رکن رہنے کا حق نہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی

حلف کی پاسداری کی خلاف ورزی کس زمرے میں آتی ہے؟ یہ سوال ای سی پی کے سامنے رکھا ہے، آئین توڑنے والے 25 کی بجائے 35 بھی ہوں تو بھی یہی کروں گا؛ ملک احمد خان کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 17:01

ریفرنس دائر کردیا، جو آئین و حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے انہیں رکن رہنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے صوبے کے 26 ایم پی ایز کے خلاف ریفرنس دائر کردیا ہے جو آئین اور حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے انہیں رکن رہنے کا حق نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان الیکشن کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور سنی اتحاد کونسل کے ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب کے خلاف نا اہلی ریفرنس باضابطہ طور پر الیکشن کمیشن میں دائر کیے جانے سے متعلق مشاورت کی، صوبائی اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 26 ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ریفرنس دائر کردیا ہے جو لوگ آئین اور حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے انہیں رکن اسمبلی رہنے کا حق نہیں، حلف کی پاسداری کی خلاف ورزی کس زمرے میں آتا ہے؟ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں یہ سوال ای سی پی کے سامنے رکھا ہے، آئین توڑنے والے 25 کی بجائے 35 بھی ہوں تو بھی یہی کروں گا، آئین ہمیشہ غالب رہے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی پر 26 اپوزیشن اراکین کو معطل کیا گیا جس کے نتیجے میں نا صرف اپوزیشن کی عددی قوت متاثر ہوئی بلکہ اسے آئینی طور پر اجلاس بلانے کے اختیار سے بھی محروم کر دیا گیا، اسمبلی قواعد کے تحت اپوزیشن کو اجلاس بلانے کے لیے 93 اراکین کے دستخط درکار ہوتے ہیں مگر معطلی کے بعد اب اپوزیشن کے پاس صرف 79 فعال اراکین رہ گئے ہیں، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی مجموعی تعداد 105 تھی جس میں سے اب معطلی کے بعد اکثریت فعال کردار ادا کرنے سے قاصر ہے، سپیکر نے ناصرف معطل اراکین کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا بلکہ بعض کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا اعلان بھی کیا تھا، 16 جون 2025ء کے بجٹ اجلاس کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے پر 10 اپوزیشن اراکین پر 20 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات