آزاد کشمیر سپریم کورٹ، منشیات کیس میں ملزم کو ضمانت دینے والا سیشن جج کمرہ عدالت سے گرفتار،3دن قید کی سزا

جمعرات 3 جولائی 2025 01:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)آزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ نے منشیات کیس میں ملزم کو ضمانت دینے پر جج کو سزا سنادی جس پر اسے کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ میں چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں قائم فل بینچ نے سیشن جج راجہ امتیاز کیخلاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات کے منافی منشیات ملزم کی ضمانت منظور کرنے پر توہین عدالت کارروائی پر سماعت کی ۔

عدالت کے حکم پر سیشن جج راجہ امتیاز کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق جج راجہ امتیاز نے سپریم کورٹ کی اتھارٹی کوچیلنج کیا اور جھوٹ بول کر عدالت کے وقار کو مجروح کیا۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ جج راجہ امتیاز کو تین دن قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔