کراچی ڈویژن کی وومین ٹیم نے آل سندھ انٹر ڈویژن وومین والی بال چیمپئن شپ جیت لی

کراچی ڈویژن وومین والی بال ٹیم کی جیت شاندار ٹیم ورک، انتھک محنت اور بے مثاہل جذبے کی عکاسی کرتی ہے - مسز ارم اکبر علی خان

جمعرات 3 جولائی 2025 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) شاندار ٹیم ورک اور غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے، کراچی ڈویژن وومین والی بال ٹیم نے زبردست مقابلہ کے بعد آل سندھ انٹر ڈویژن وومین والی بال چیمپئن شپ 2025 میں فتح حاصل کر لی۔ اس شاندار کامیابی کا جشن منانے کے لیے سندھ اسپورٹس یوتھ سینٹر میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام ڈسٹرکٹ سینٹرل ایسٹ کے ڈائریکٹر اسماعیل شاہ اور والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری شاہ نعیم ظفر نے کیا۔

تقریب میں کیک کاٹا گیا جس میں معزز مہمانوں اور اسپورٹس حکام بشمول شاہد مسعود(سیکریٹری سندھ والی بال ایسوسی ایشن)، نعمان الدین خان(کوچ سندھ/سرسید یو نیورسٹی کے قائم مقام اسپوٹس ڈائریکٹر)، فرقان حسین، ذولفقار احمد، محترمہ شافعہ ارشد اور انجینئر فہد فاروقی، نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کی مہمان خصوصی مسز ارم اکبر علی خان نے فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی بیٹیاں ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر رہی ہیں، اور والی بال چیمپیئن شپ میں ان کی فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو خواتین کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی شمولیت اور کامیابیوں کا جشن منانا ہماری سماجی ترقی کی علامت ہے اور نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔یہ چیمپئن شپ نہ صرف خواتین کے کھیلوں میں بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ سندھ بھر کی نوجوان لڑکیاں بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔

مسز ارم اکبر نے کھلاڑیوں کے عزم، نظم و ضبط اور مثالی کھیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈویژن والی بال ٹیم کی جیت شاندار ٹیم ورک، انتھک محنت اور بے مثاہل جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اتھلیٹک ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور صوبے بھر میں کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے سندھ اسپورٹس یوتھ سینٹر کی جاری کوششوں کی بھی تعریف کی۔

مسزارم اکبر علی خان نے سندھ اسپورٹس یوتھ سینٹر کا دورہ کیا اور نوجوانوں کی تربیت میں سینڑکے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی ثقافت کو پروان چڑھانے اور ڈویژنوں کے درمیان صحت مند مقابلوں کو فروغ دینے میں سندھ اسپورٹس یوتھ سینٹر نے اہم اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ کراچی ڈویژن کی کامیابی سندھ بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے اور ایک روشن مستقبل کی تشکیل میں کھیلوں کے موثر کردار کی تصدیق بھی کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :