ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کا پہلا اجلاس ، شکایات کے ازالے کے لیے جامع میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی

جمعرات 3 جولائی 2025 16:36

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی کی زیر صدارت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی (پی ای آر اے ) کا پہلا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کو مؤثر، متحرک اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں گے۔

اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کو عملی طور پر فعال بنانے کے لیے مختلف انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کی ٹیم کو فوری طور پر 27 کانسٹیبلز کی ضرورت ہے، جو ڈسٹرکٹ پولیس سے ڈیپوٹیشن پر لیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ کانسٹیبلز مختلف انفورسمنٹ سرگرمیوں میں حصہ لیں گے جن میں تجاوزات کے خلاف کارروائی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کا سدباب شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کے تحت قائم ہونے والے انفورسمنٹ سٹیشن کو فوری طور پر فعال کیا جائے اور شکایات کے ازالے کے لیے جامع میکانزم وضع کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر افضل سکھیرا اور ایس ڈی پی او ملک خلیل نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :