داتا دربار کے سالانہ غسل کی تقریب کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل، سید موسی رضا کا دورہ

جمعرات 3 جولائی 2025 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) لاہور ضلعی انتظامیہ داتا دربار کے سالانہ غسل کی تقریب کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے داتا دربار اور اس کے اطراف کا دورہ کیا اور صفائی، سڑکوں کی مرمت (پیچ ورک)، پارکنگ اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ داتا دربار کے سالانہ غسل کی روحانی تقریب9 محرم الحرام کو منعقد ہوگی، جس میں بڑی تعداد میں زائرین کی شرکت متوقع ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ زائرین کی سہولت اور حفاظت کیلئے ہر ممکن انتظامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا، ٹریفک پولیس، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اپنی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے کہا کہ صفائی اور پیچ ورک کے تمام کام بر وقت مکمل کیے جائیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ساتھ ہی انہوں نے پارکنگ کے مناسب انتظامات اور بصری آلودگی(visual pollution) کے خاتمے کے لیے بھی عملی اقدامات کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ داتا دربار کی تقریب کے انتظامات کو شایانِ شان انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ "زائرین کی سہولت اور سکیورٹی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔