سیالکوٹ،واقعہ کربلا حق اور باطل کے درمیان دنیا کی تاریخ کا عظیم معرکہ ہے

جمعہ 4 جولائی 2025 16:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) معروف مذہبی سکالر مفتی محمد ارسلان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق اور باطل کے درمیان دنیا کی تاریخ کا عظیم معرکہ ہے۔شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کے باعث اسلام زندہ ہے۔باطل قوتیں اسلام اور پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، امام عالی مقام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

واقعہ کربلا حق وباطل کے درمیان المناک معرکہ ہے جس میں باطل کو شکست اور حق کو برتری ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد گلزار مدینہ تلکپور میں شان اہلبیت کے سلسلہ میں نماز جمعہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقہ کار کی عظیم قربانیوں کے باعث دین اسلام میں نئی روح پھونکی گئی ہے، امام علی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے خاندان اور رفقا کے ہمراہ شہادتیں قبول کر لی لیکن باطل کے اگے سر نہیں جھکایا۔

(جاری ہے)

آج بھی قوم اور وطن کو امام عالی مقام جیسے جذبہ ایثار قربانیوں کی ضرورت ہے ،باطل قوتیں پاکستان اور اسلام کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہے جن کے سدباب کے لیے پوری قوم کو متحد اور منظم ہو کر سیسہ پلائی دیوار کے طرح کھڑے ہونا چاہیے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی علیہ السلام اور یزید کے درمیان حق و باطل کے معرکہ ثابت کر دیا کہ حق ہمیشہ زندہ رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے اس ماہ مقدس میں تمام سیاسی سماجی اور مذہبی جماعتوں اور مسالک کے درمیان مکمل ہم آہنگی بھائی چارے اور اتحاد و بین المسلمین کو فروغ دینا چاہیے۔