اسلام آباد میں اے بی ایس فلم میکرز اکیڈمی کا افتتاح، نوجوانوں کو جدید ہنر سکھانے کا عزم کا اظہار

جمعہ 4 جولائی 2025 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) مردان بخشالی سے تعلق رکھنے والے صحافی ابوبکر صدیق نے اسلام آباد میں "اے بی ایس فلم میکرز اکیڈمی" کے نام سے ایک جدید تربیتی ادارے کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چکور فاؤنڈیشن کے چیئرمین عباس خان تھے۔تقریب میں اسلام آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

شرکاء نے ادارے کے قیام کو نوجوانوں کے لیے ایک امید افزا قدم قرار دیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی عباس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں ہنر مند نوجوان ہی ترقی کی ضمانت ہیں اور اے بی ایس فلم میکرز اکیڈمی جیسے ادارے قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ابوبکر صدیق کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ابوبکر صدیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اکیڈمی کا مقصد نوجوانوں کو ویڈیو گرافی، فلم میکنگ، ڈرون آپریشن اور جدید ویڈیو ایڈیٹنگ جیسے اسمارٹ اسکلز کی تربیت دینا ہے تاکہ وہ نہ صرف معاشی طور پر خود مختار بن سکیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے ہنر کا لوہا منوا سکیں۔شرکاء نے ابوبکر صدیق کے جذبے کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو ایک مثبت سمت فراہم کرے گا۔