یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیزکے زیرِ اہتمام بچوں کے لیے''ڈیجیٹل ڈیٹاکس سمر کیمپ'' کا آغاز

جمعہ 4 جولائی 2025 18:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیزکے زیرِاہتمام بچوں کے لیے’’ڈیجیٹل ڈیٹاکس سمر کیمپ‘‘ کا آغاز ہو گیا۔سمرکیمپ کا مقصد بچوں کو سرگرم، تخلیقی اور سکرین سے پاک تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو دریافت کر سکیں اور صحت مند عادات اپنا سکیں۔

یہ کیمپ بچوں میں اعتماد، تجسس، اور بامقصد سماجی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بچوں کی ہمہ جہت نشوونما کوفروغ دینا ہےتاکہ وہ جسمانی، ذہنی اوراخلاقی طورپر بہتر طور پر نشوونماء پا سکیں، خاص طور پرایک ایسے دور میں جب اسکرینز بچوں کی زندگی کا لازمی جزو بن چکی ہیں۔کیمپ میں شامل بچے بڑی دلچسپی اور جوش و خروش کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں جن میں چینی زبان کی کلاسز،روائتی چینی کھیل، خطاطی، آرٹس اینڈ کرافٹس، اسلامی اور اخلاقی تعلیم ،جسمانی فٹنس سیشنز،اوپن مائیک پروگرامز، ثقافتی آگاہی ماڈیولز، اور چینی کھانوں کا رنگا رنگ ’’چائنیز فوڈ فیسٹیول‘‘ شامل ہیں، جو بچوں کو چینی ثقافت کے ذائقے سے روشناس کرا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ کیمپ نہ صرف سکرینز سے وقتی نجات فراہم کرتا ہے بلکہ یہ ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے، جہاں بچوں کو ایک متوازن، جذباتی طور پر مضبوط اور فکری طور پر بیدار شخصیت بنانے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔ تعلیمی، تخلیقی، جسمانی اور ثقافتی عناصر کے امتزاج کے ساتھ یہ اقدام بچوں کی ہمہ جہت ترقی کو تقویت دیتا ہے۔یہ بامعنی اور دور اندیش اقدام یونیورسٹی آف سرگودھا کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ نئی نسل کو بااعتماد، باشعور اور عالمی تناظر میں آگاہ شہری بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس نوعیت کی سرگرمیوں کے ذریعے یونیورسٹی متوازن ترقی اور تاحیات سیکھنے کے کلچر کو فروغ دینے میں پیش پیش ہے۔