اسد قیصر سے بی این پی مینگل کے رہنماء ساجد خان ترین کی ملاقات

تحریک تحفظ آئین پر مشاورت، آئندہ کی حکمت عملی پر غور، سیاسی انتقامی کارروائیوں کی مذمت

جمعہ 4 جولائی 2025 21:21

اسد قیصر سے بی این پی مینگل کے رہنماء ساجد خان ترین کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بی این پی مینگل کے رہنما ساجد خان ترین نے ملاقات کی جس میں تحریک تحفظ آئین پر مشاورت، آئندہ کی حکمت عملی پر غور، سیاسی انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی گئی ۔جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بالخصوص بلوچستان کے حالات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسد قیصر نے بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کو ایف آئی اے کے نوٹسز اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف درج ایف آئی آرز کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا جمہوری اقدار کے لیے خطرناک ہے، ایسی روش ملک میں آئینی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو کمزور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے سیاسی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے سربراہان کو ایک جگہ اکٹھا کر کے ملکی سیاسی صورتحال پر ایک سربراہی اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک میں جمہوریت کی بالادستی، آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔