وزیراعلیٰ کا دورہ پاکپتن، بچوں کی ہلاکت پر سی ای او اور ایم ایس گرفتار

ٌڈی ایچ کیو میں بچوں کی ہلاکت

جمعہ 4 جولائی 2025 22:21

وزیراعلیٰ کا دورہ پاکپتن، بچوں کی ہلاکت پر سی ای او اور ایم ایس گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکپتن کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر انتہائی سخت نوٹس لیا۔ وزیراعلیٰ کو موقع پر ہی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، جس کے بعد سی ای او ہیلتھ پاکپتن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں ہسپتال میں بدانتظامی، غفلت اور ضروری طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی گئی جس کے نتیجے میں معصوم بچوں کی زندگیاں ضائع ہوئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ''معصوم بچوں کی جانیں واپس نہیں آ سکتیں، لیکن غفلت کے مرتکب عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

'' انہوں نے محکمہ صحت کے دیگر افسران کو احتساب اور اصلاحات کے سخت پیغام دیتے ہوئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور ہسپتال کی مجموعی حالت، مشینری کی دستیابی، ادویات کی فراہمی، اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام سے بھی براہ راست بات کی اور شکایات سنیں۔دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر آڈٹ کیا جائے اور مزید کسی قیمتی جان کے ضیاع کو روکا جائے۔