پولیس نے 9 اور 10 محرم الحرام کے لئے فول پروف سکیورٹی پلان تیارکرلیا

جمعہ 4 جولائی 2025 20:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور کی زیر صدارت 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی و امن و امان کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، ایس پی انوسٹیگیشن شیراز خان، متعلقہ ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مجالس، جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات، سیکیورٹی ڈپلائمنٹ، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اور دیگر اہم نکات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈی پی او مانسہرہ کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ محرم الحرام کے موقع پر ضلعی پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ہر قیمت پر پُرامن فضا کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

تمام مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی جا چکی ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ڈی پی او مانسہرہ نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے متعلقہ علاقوں میں مسلسل فیلڈ وزٹس، مقامی علما و منتظمین سے رابطہ، مشکوک افراد پر نظر اور فوری ردعمل کی ٹیمیں الرٹ رکھیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے پیشگی نمٹا جا سکے۔