واقعہ کربلا سے حق کیلئے ڈٹ جانے کادرس ملتا ہی: ڈاکٹر راغب نعیمی

جمعہ 4 جولائی 2025 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ واقعہ کربلا سے حق کیلئے ڈٹ جانے کا درس ملتا ہے۔ علما کرام معاشرے میں رواداری اوربھائی چارے کو فروغ دیں۔ محرم الحرام تمام مسلمانوں کیلئے قابل احترام ہے۔ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ شفقت اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہئے۔

سیدنا امام حسینؓ کی شہادت کے فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ سیدنا امام حسینؓ نے اپنا سب کچھ قربان کردیا مگر دین پر کسی بھی قسم کی آنچ نہ آنے دی۔ نواسہ رسول سیدنا حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی خاطر جام شہادت نوش فرما کر اسلام کا پرچم سربلند کیا۔ سیدنا امام حسین ؓ نے تمام مظالم کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اورآپ کے پایہ استقامت میں لغزش نہیں آئی،حضرت امام حسینؓ نے اللہ اور رسول کی بارگاہ میں مکمل کامیابی حاصل کی اورجنت کی سرداری پائی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعة ا لمبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ حضرت امام حسین ؓ کی شہادت ہمیں باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی واقعہ کربلا میں شہادت عظیم مقصد کیلئے تھی نواسہ رسولؓ نے میدان کربلا میں حق کا پرچم بلند کیا اور آپؓ کی عظیم قربانی مسلمانوں کیلئے تاقیامت مثال بن گئی۔

متعلقہ عنوان :