قائمقام چیئرمین سینیٹ کا کوئٹہ کا دورہ

مرحومین کے لواحقین سے اظہار تعزیت، اغوا کے بعد شہید کیے گئے معصوم بچے مصور کاکڑ کے اہل خانہ سے ملاقات ،اظہار افسوس

جمعہ 4 جولائی 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)قائمقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے آج کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل اور سینیٹر بلال مندوخیل کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر دلی افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت، بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

سیدال خان نے کچھ وقت اہل خانہ کے ساتھ گزارا اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں،سیدال خان نے اغوا کے بعد بے دردی سے شہید کیے جانے والے معصوم بچے مصور کاکڑ کے والد اور دیگر اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور اس دلخراش واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ ریاستی سطح پر انصاف کی فراہمی اور ایسے انسانیت سوز جرائم کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اور ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کرنا اجتماعی ضمیر کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائیں۔