بانی ، پی ٹی آئی میں فاصلہ ، فیصلہ سازی کا فقدان ہے،سینیٹرعرفان صدیقی

یہ کوئی ڈی چوک نہیں، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہیں مل سکیں قانونی مسئلہ ہے،انٹرویو

جمعہ 4 جولائی 2025 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بانی اور پی ٹی آئی میں فاصلہ ، فیصلہ سازی کا فقدان ہے۔نجی ٹی وی کودیئے گئے ایک انٹرویومیں عرفان صدیقی نے کہا کہ جتنی ملاقاتیں بانی پی ٹی آئی کی ہوئی ہیں، اتنی دوسرے قیدیوں کی نہیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور بانی میں فاصلہ ہے فیصلہ سازی کافقدان ہے، پارٹی کے پاس کوئی ایجنڈ نہیں، یہ کوئی فیصلہ کرتے ہیں بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں میں یہ نہیں مانتا۔

ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ایک دوسرے پر اعتماد کرنا سیکھیں، ہم کسی کی کوئی سیٹیں چھیننے کی خواہش نہیں رکھتے۔انہوںنے کہاکہ اسمبلیوں میں تصور نہیں کرسکتے احتجاج کہاں چلا گیا ہے، فرنیچر مائیک توڑا گیا ہے،سپیکر کو لامحدود اختیارات حاصل ہیں۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی سیٹیں ختم نہیں کر سکتے اس لیے الیکشن کمیشن گئے، ان کے اقدام سے ایک میسیج ضرور گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اتنا سمجھیں کہ یہ کوئی ڈی چوک نہیں، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہیں مل سکیں یہ ایک قانونی مسئلہ ہے۔ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ کے پی حکومت ختم کرنے کی کوئی بات نہیں،وہاں نمبر گیم بھی پورا نہیں، اگر پی ٹی آئی کے اندر سے بغاوت ہوتی ہے تو ان کا اپنا مسئلہ ہے۔