o لیسکو کی نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری

د*گزشتہ مالی سال میں مجموعی طور پر 14کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری

ہفتہ 5 جولائی 2025 02:15

ص لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے مالی سال 2024-25 کے دوران مالیاتی نظم و ضبط اور واجبات کی بروقت وصولی کو یقینی بنانے کے لیے نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھیں۔ ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر لیسکو، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل ڈسکو سپورٹ یونٹ نے پورا سال نادہندگان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں، لیسکو نے اس دوران مجموعی طور پر 220,863 صارفین کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 14 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری ممکن بنائی۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ادارے کے مالی ڈھانچے کو مستحکم رکھنے اور صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے نادہندگان کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت کے بغیر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنے بجلی بلز کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ سسٹم بلا رکاوٹ جاری رہے۔ تفصیلات کے مطابق نادرن سرکل میں کل 21,743 نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2,187.14 ملین روپے کی ریکوری کی گئی۔

سینٹرل سرکل میں 37,835 نادہندگان سے 2,608.90 ملین روپے وصول کیے گئے۔ ایسٹرن سرکل میں 23,598 نادہندگان کے خلاف کارروائی کے دوران 2,353.61 ملین روپے کی ریکوری عمل میں لائی گئی۔اوکاڑہ سرکل میں 24,201 نادہندگان سے 805.37 ملین روپے، ساوتھ سرکل میں 23,164 نادہندگان سے 1,865.65 ملین روپے، اور شیخوپورہ سرکل میں 10,517 نادہندگان سے 1,186.92 ملین روپے کی وصولی کی گئی۔

علاوہ ازیں، قصور سرکل میں سب سے زیادہ یعنی 67,856 نادہندگان کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں 3,221.99 ملین روپے ریکور کیے گئے، جب کہ ننکانہ سرکل میں 11,949 نادہندگان سے 222.38 ملین روپے وصول کیے گئے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے اس موقع پر مزید کہا کہ ہم لیسکو کو ایک جدیداور شفاف ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ریکوری نظام کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کا اعتماد بحال رہے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :