qمحنت کش طبقہ بدترین معاشی دباؤ کا شکار ہی: غلام مصطفی

ٌحکومتی پالیسیوں ، مہنگائی نے مزدوروں کی زندگی اجیرن بنا دی، ورکرز کنونشن سے مقررین کا خطاب

ہفتہ 5 جولائی 2025 02:15

ج لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر میاں غلام مصطفی نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال نے محنت کش طبقے کو شدید دباو کا شکار کر دیا ہے۔ مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ، اجرتوں میں عدم توازن اور روزگار کی غیر یقینی کیفیت نے مزدور طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ریاستی سطح پر درکار سہولیات کی کمی نے عوام بالخصوص محنت کش طبقے کے لیے حالات مزید مشکل بنا دیے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں پاکستان ملی لیبرفیڈریشن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے پنجاب کے صدر عبدالمجید سالک، مرکزی مسلم لیگ سیالکوٹ کے جنرل سیکریٹری اعجاز نصر، آل پاکستان ملی ٹرانسپورٹ یونین کے صدر سلیم خلجی، ملی لیبر فیڈریشن گوجرانوالہ زون کے صدر طلعت سعید، سیالکوٹ کے صدر آصف نوری و دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرکاری و نیم سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے ملازمین اور محنت کشوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ملی لیبر فیڈریشن پنجاب کے صدر عبدالمجید سالک نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کا سرکاری ملازمین سے روا رکھے جانے والا ناروا سلوک ناقابل قبول ہے۔ اسمبلیوں سے ملازمین مخالف قوانین منظور کروائے جا رہے ہیں، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔

اگر یہی طرز عمل جاری رہا تو مستقبل میں کوئی بھی شخص سرکاری ملازمت کو ترجیح نہیں دے گا۔ مرکزی مسلم لیگ سیالکوٹ کے جنرل سیکریٹری اعجاز نصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت ہر سطح پر ملازمین کے حقوق کی حمایت کرے گی اور پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے شانہ بشانہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ سلیم خلجی، طلعت سعید، آصف نوری اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملی لیبر فیڈریشن ایک فعال اور نظریاتی پلیٹ فارم ہے جو ہمیشہ محنت کشوں اور ملازمین کے آئینی و قانونی حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تر آئینی و قانونی راستے اختیار کرتے ہوئے مزدور طبقے کے مفادات کا ہر سطح پر دفاع کیا جائے گا۔