Live Updates

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے جل تھل، 8 جولائی تک مزید بارشوں کا امکان

آبی ریلوں میں بہہ جانے اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں

ہفتہ 5 جولائی 2025 13:49

بارکھان،کوہلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔بلوچستان میں بارکھان، کوہلو اور خضدار میں مون سون کی حالیہ بارشوں سے جل تھل ہوگیا جب کہ صوبے میں مون سون کا دوسرا اسپیل آج سے شروع ہو چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک بارکھان میں 17 ملی میٹر اور خضدار میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 8 جولائی تک صوبے کے 20 اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔دوسری جانب آبی ریلوں میں بہہ جانے اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ بارشوں سے خضدار اور زیارت میں ایک درجن سے زائد مکانات تباہ ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان روانہ کرکے اپنا عملہ ہائی الرٹ کردیا ہے، پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے دوران آبی ریلوں کے خدشے کے پیشِ نظر شہریوں کو ندی نالوں، ڈیموں اور پکنک پوائنٹس سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات