Live Updates

نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے حوالے سے کئی مہینے پہلے تیاریوں کا آغاز کر دیا جاتا ہے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا ہے نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے حوالے سے کئی مہینے پہلے تیاریوں کا آغاز کر دیا جاتا ہے ، جلوس اور مجالس کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کیے جاتے ہیں،صفائی کے حوالے سے سینیٹشن سٹاف کی اضافی تعیناتی کی جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ اثنا عشری کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کے حوالے سے نکاسی آب کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔رات کو ہونے والی بارش کی فی الفور نکاسی آب مکمل کی گئی،پولیس کی جانب سے پہلی دفعہ موبائل کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے اور سٹریٹ لائٹس کے حوالے سے روٹ پر تمام مسائل کو حل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق نے کہا کہ نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کیلئے 5 ہزار سے زائد اسلام آباد پولیس کے اہلکار اور رینجرز تعینات کئے گئے ہیں،تمام گلیوں اور روٹس کو ملٹی پل لیئرز کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے،روف ٹاپس کے اوپر سی ٹی ڈی کے کمانڈرز تعینات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جگہ کے علاوہ باہر کے مقامات پر بھی پیٹرولنگ کی جا رہی ہےاور مانیٹرنگ کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باڈی کیمز کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات