یوم عاشورہمیں حق، صبر وقربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے، سربراہ پاکستان سنی تحریک

باطل وظالم سے ٹکرانا اور مظلوموں کو ظالموں سے نجات اور انصاف دلانا ہی حسینی پیغام ہے،یوم عاشور پر شاداب رضانقشبندی کا پیغام

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ یوم عاشورہمیں حق،صبر وقربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے،سیدنا امام حسینؓ کا پیغام یہی ہے کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کروچاہے کسی بھی قسم کی قربانی دینا پڑے،یزید کی بیعت نہ کرکے سیدنا امام حسین نے حق وصداقت کی وہ مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی،سیدنا امام حسین اور ان کے جانثارساتھیوں نے بھوک،پیاس اور شہادت کو برداشت کیا لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا،یوم عاشور باطل سے ٹکرانے اور حق کا پرچم بلند کرنے کیلئے سیدنا امام حسین کی عظیم اور بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے،مظلوم مسلمانوں کو ظالموں سے نجات اور غریبوں کے حقوق کیلئے ہمیں حسینیت کے راستے پر گامزن ہونا ہوگا، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گھروں، معاشروں اور دلوں میں حسینی فکر کو زندہ کریں ظلم سے نفرت کریں اور ہر باطل قوت کے خلاف حسینی کردار بن جائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا،محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ سید نا امام حسین جانتے تھے کہ حق کے لیے لڑنا آسان نہیں لیکن وہ دین کی اصل روح بچانا چاہتے تھے، چاہے اس کے لیے جان ہی کیوں نہ دینا پڑے،انہوں نے بھوک، پیاس، ظلم اور شہادت کو قبول کیا مگر باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا،انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین وکشمیر کے مسلمانوں کے ظالموں سے نجات دلانے کیلئے مسلم حکمرانوں کو سیدنا امام حسین کے رست پر چلنا ہوگا،باطل وظالم سے ٹکرانا اور مظلوموں کو ظالموں سے نجات اور انصاف دلانا ہی حسینی پیغام ہے،فلسطین وکشمیر میں مسلم نسل کشی کے خلاف مسلم حکمرانوں کو حق کا پرچم بلند کرنا ہوگا،اسلام دشمن قوتیں مسلم ریاستوں اور آبادیوں پر ظالمانہ وغاصبانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مسلم نسل کشی اور مسلمانوں کو تقسیم درتقسیم کرنے کی ساشوں میں مصروف ہیں،اسلام دشمن قوتوں کو نکیل ڈالنے کیلئے حسینی کردار پر عمل پیر ہونا ہوگا۔