۳حضرت امام حسین نے دین کی خاطر جو قربانی دی اسکی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی ہے ، سینیٹر شیخ بلال مندوخیل

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل،پیپلزپارٹی کوئٹہ ڈویژن کے نائب صدرملک عیسی خان ملازئی اور پیپلزیوتھ آگنائزیشن کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات خانزادہ یونس خلجی نے کہا کہ امت مسلمہ کو دین کیلئے کسی بھی قربانی کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے حضرت امام حسین نے دین کی خاطر جو قربانی دی اسکی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی ہے حضرت امام حسین کا کردار ہمیں ظلم کے خلاف اٹھنے اور ہمیشہ انصاف کے لیے کھڑے ہونے کا حوصلہ دیتا ہے۔

امن ہماری قومی اور بین الاقوامی ضرورت ہے لہذا اس مبارک مہینہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مسلکی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے جو بحیثیت مسلمان ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اللہ تعالی نے حضرت امام حسین کو یہ مقام دے کر اسلام کی سربلندی فرمائی ہے حضرت امام حسین نے ساتھیوں اور خاندان سمیت کربلا کے مقام پر حق وسچ اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنے نانا حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کے دین اسلام کو زندہ کر دیا۔

محرم الحرام حضرت امام حسین سے عہد و وفاداری کا دن ہے واقعہ کربلا ہمارے لیے پیغام ہے کہ جب وقت کا حکمران ظالم, جابر، فاسق و فاجر ہو تو میدان عمل میں نکل کر کلمہ حق بلند کرنے کی ضرورت ہے، کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے مشن سے محبت، ایثار، قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔

حضرت امام حسین یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق کے علمبردار تھے۔ آپ نے ظالم و جابر حکمرانوں اورا نکی انسانیت اور دین دشمنی پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔ اسی پیغام انسانیت و جدوجہد کو روز آخرت تک زندہ رکھنے کیلئے سیدنا امام حسین نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دی اور حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں وقت آچکا ہے کہ ہم اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک دوست اور ملک دشمن عناصر میں فرق کریں۔

انہوں نے کہا کہ غلبہ اسلام اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے استحکام کیلئے ہمیں ایک زندہ قوم کے طور پر ظلم،نا انصافی اورکرپشن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماں نے یوم عاشورہ کے موقع پر اس بات کا عہد کیا کہ وہ اپنے پیغام کو پوری قوم تک پہنچائے گی کہ فرقہ واریت اور تشدد کے خلاف ایک مثر اور مربوط جدوجہد کی جائے۔ محرم الحرام کے دوران ہمیں تمام پاکستانیوں کے درمیان یکجہتی اور رواداری کا پیغام دینا چاہیے، تاکہ ملک میں امن قائم ہو سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حضرت امام حسین کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے محبت، ہمدردی، اور احترام کی فضا قائم کریں، اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی طرف اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔