بٹگرام پولیس اور ریسکیو 1122 کا ہنگامی صورتحال میں فوری امداد کی فراہمی کیلئے مشترکہ مشق کا انعقاد

اتوار 6 جولائی 2025 20:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) بٹگرام پولیس نے ریسکیو 1122 کے ہمراہ ہنگامی صورتحال میں فوری امداد کی فراہمی کو موثر بنانے کے لیے مشترکہ مشق کا انعقاد کیا۔ ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق مشقوں کی نگرانی ڈی ایس پی سرکل بٹگرام نے کی۔ ان مشقوں کا مقصد طوفانی بارشوں یا ممکنہ سیلابی صورتحال میں پولیس اور ریسکیو اداروں کے درمیان ہم آہنگی، بروقت رسپانس اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فرضی آپریشن کے دوران مختلف ایمرجنسی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ ڈی ایس پی سرکل بٹگرام نے کہا کہ ضلعی پولیس ہر طرح کی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ و ریسکیو 1122 کے ہمراہ تیار ہے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کریں اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔

متعلقہ عنوان :