واقعہ کربلا ہمیں حق، صبر، قربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے، ظاہر شاہ طورو

اتوار 6 جولائی 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے یومِ عاشور کے موقع پر پشاور سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ واقعہء کربلا تاریخ کا وہ عظیم باب ہے جو ہمیں حق، صبر، قربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے باطل کے سامنے سر جھکانے کی بجائے ڈٹ کر کھڑے ہو کر یہ ثابت کیا کہ اصل کامیابی حق کے ساتھ ثابت قدمی میں ہے۔

واقعہء کربلا کا پیغام آج بھی زندہ ہے اور ہمیں ہر دور کی ناانصافی، جبر اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ہمت دیتا ہے۔ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ امام عالی مقامؑ نے ظلم کے سامنے خاموشی کو مسترد کر کے حق و صداقت کا جو علم بلند کیا، وہ آج بھی حق پر چلنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقتی خاموشی بعض اوقات مستقل ندامت کا باعث بن جاتی ہے، اس لیے ہر شخص کو حق و سچ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔

وزیر خوراک نے مزید کہا کہ امام حسینؑ کی قربانی اس بات کی دلیل ہے کہ جو لوگ اصولوں پر قائم رہتے ہیں، ان کا مددگار خود ربِ کائنات ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں واقعہء کربلا سے یہ سبق ملتا ہے کہ اصولوں پر سمجھوتہ نہیں بلکہ قربانی دینا ہی عزت و وقار کا راستہ ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر امام حسینؑ اور اُن کے جانثاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کردار و عمل میں بھی حق، سچائی، قربانی اور استقامت کو اپنائیں۔

متعلقہ عنوان :