یوم عاشور پر ضلعی انتظامیہ مری اور پولیس نے سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے

پیر 7 جولائی 2025 17:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) یوم عاشور پر ضلعی انتظامیہ مری اور پولیس نے سکیورٹی کے موثر انتظامات کیے۔ ڈی سی مری آغا ظہیر عباس شیرازی ہمراہ ڈی پی او مری آصف امین اعوان اور سی ٹی او مغیث احمد ہاشمی سمیت دیگر افسران عاشورہ کے مرکزی جلوس کی سکیورٹی و دیگر انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔ ڈی سی مری اور ڈی پی او مری مرکزی جلوس کے ساتھ مال روڈ پر موجود رہے۔

700 سے ذائد افسران و جوان جلوس ڈیوٹی اورٹریفک انتظامات کے لئے فرائض سرانجام دینے میں مصروف رہے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جلوسوں کے روٹس پر تعینات کیے گئے۔ کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے۔ رہنمائی اور مدد کے لیے سات مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

امن کمیٹی، علمائے کرام، تاجر برادری سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی معاونت نے امن و امان برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈی پی او مری آصف امین اعوان نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں اور باڈی کیم کے ذریعے جلوس کے روٹس کی مانیٹرنگ کی گئی۔ جلوس میں داخل ہونے والے تمام افراد کو مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ جلوس کے روٹس پر تمام گلیاں اور راستے سیل کیے گئے۔

تمام جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے۔ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اورحکومت پنجاب کے احکامات پرمکمل عملدرآمد یقینی بنایا گیا ،دوسری جانب مری میں یوم عاشور کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوئے۔ ریسکیو 1122, محکمہ صحت، سول ڈیفنس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکار جلوسوں کے روٹس پر تعینات کیے گئے۔