چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالستار بچانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

پیر 7 جولائی 2025 22:14

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالستار بچانی کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک مخلص، وفادار، نظریاتی اور سرگرم کارکن سے محروم ہو گئی ہے، جنہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کو ترجیح دی اور پارٹی کے ہر کڑے وقت میں قیادت اور کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مرحوم عبدالستار بچانی کی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پارٹی اور عوامی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ عبدالستار بچانی نہ صرف ایک متحرک سیاسی رہنما تھے بلکہ اپنے حلقے اور علاقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہمیشہ کوشاں رہے۔

(جاری ہے)

اُن کی سیاسی بصیرت، جمہوریت سے وابستگی اور عوامی فلاح کے جذبے کو سراہتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عبدالستار بچانی کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ حوصلے اور صبرکے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔