کارٹل، قیمتوں کے گٹھ جوڑ اور گمراہ کن تشہیر کے خلاف سخت ایکشن، کمپٹیشن کمیشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی

پیر 7 جولائی 2025 23:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے مالی سال 2024-25 کے دوران ملک میں منصفانہ مسابقت کے فروغ اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے کارٹل، گٹھ جوڑ، اور گمراہ کن تشہیر کے خلاف سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ کمیشن نے مختلف شعبوں میں کاروباری گٹھ جوڑ اور مارکیٹنگ کی دھوکہ دہی پر مبنی سرگرمیوں کے خلاف 24 نئی انکوائریاں شروع کی ہیں، جب کہ 14 تحقیقات مکمل کر کے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ فورمز کو بھجوا دی گئی ہیں۔

کمیشن کے مطابق ای کامرس، اسٹیل اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کارٹل سازی کے شواہد ملنے پر مخصوص کمپنیوں اور ایسوسی ایشنز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بولی فکسنگ کے الزامات پر 10 اسٹیل کمپنیوں اور قیمتیں طے کرنے کے معاملے پر 2 بڑی فلیٹ اسٹیل کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے خلاف کرایوں کی من مانی قیمتوں کے تعین اور کیبل کمپنیوں کے جانب سے ڈیلرز کو رعایت نہ دینے جیسے اقدامات پر بھی انکوائری کی گئی۔

اس کے علاوہ، گمراہ کن تشہیر کے خلاف 13 نئی تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جن میں سے 5 مقدمات میں کارروائی مکمل کی جا چکی ہے۔ ان کارروائیوں میں پینتھر ٹائرز، اے آر امریلی اور ایف ایس کاسمیٹکس جیسے برانڈز بھی شامل ہیں۔ کمپٹیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کارٹل، غلبے کے غلط استعمال اور صارفین کو گمراہ کرنے والی تشہیر ناقابل برداشت ہیں۔ ہم زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں اور مستقبل میں بھی یہی حکمتِ عملی برقرار رکھی جائے گی۔ کمپٹیشن کمیشن کی یہ کارروائیاں مارکیٹ میں شفافیت، منصفانہ مسابقت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہیں۔