اسلام آباد،مارگلہ ہل پر ہرن کا شکار کرنے اور اسے ذبح کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج

پیر 7 جولائی 2025 23:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ ہل پر ہرن کا شکار کرنے اور اسے ذبح کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہرن کو ذبح کرنے کی وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کا تعلق گاؤں گوکینا سے ہے، یہ اقدام اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

مقدمے میں ویڈیو میں نظر آنے والے بشیر عباسی، زین عباسی اور دیگر نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں درج سیکشن کے تحت ملزمان کو ایک سال قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ یہ ہرن کے غیرقانونی شکار کا پہلا واقعہ نہیں، جولائی 2022 میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ سندھ میں پیش آیا تھا۔

(جاری ہے)

سندھ کے صحرائی ضلع تھر کے شہر مٹھی میں 9 نایاب ہرنوں کا شکار کرنے والے 3 شکاریوں کو مقامی رہائشیوں نے پکڑ لیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے بھرپور آواز بلند کرتے ہوئے جنگلی حیاتیات کی نسل کشی کرنے والے شکاریوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔سندھ کے صحرائی علاقے میں نایاب نسل کے ہرن کا شکار کوئی نئی بات نہیں، مگر ایسا پہلی بار ہوا تھا کہ مقامی لوگوں نے شکاریوں کو پکڑ کر ان کی گاڑیاں، ہتھیار اور مارے گئے 9 ہرن بھی اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔