سویڈن کا پاکستان کے لیے خوش آئند اقدام ، ویزا سروسز بحال کرنے کا اعلان

پیر 7 جولائی 2025 23:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء) سویڈن نے پاکستان کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت کرتے ہوئے اسلام آباد میں اپنی ویزا سروسز دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اب پاکستانی شہری دوبارہ سویڈن کے لیے شینجن ویزا کی درخواست دے سکیں گے۔ترجمان نے واضح کیا کہ یہ ویزا صرف 90 دن کی مختصر مدت کے قیام کے لیے جاری کیا جائے گا، جو سیاحت، کاروبار یا دیگر محدود مقاصد کے لیے موزوں ہو گا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے ویزا سروسز کی بحالی کو پاکستان اور سویڈن کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب 2 جولائی کو اسٹاک ہوم میں پاکستان اور سویڈن کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا انعقاد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری برائے یورپ نے کی تھی ، جبکہ سویڈش وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل برائے گلوبل افیئرز نے کی تھی ۔ سفارتی حلقے اس فیصلے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئے دور کا آغاز قرار دے رہے ہیں، جس سے عوامی رابطے، تجارتی مواقع اور ثقافتی تبادلے کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔