ہسپتالوں میں نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ

ہسپتالوں میں رابطے کیلئے پیجر سسٹم نافذ کرنے پر اتفاق، سپتالوں میں سٹوڈنٹس نرسز کیلئے انجکشن ایس او پیز آویزاں کرنے کی ہدایت، شکایات سیل میں غیرجانبدار افسر تعینات کیا جائےگا۔ وزیراعلی مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 جولائی 2025 20:07

ہسپتالوں میں نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 جولائی 2025ء ) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ میں بہتری کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کا حکم دیا اور ہسپتالو ں میں 2 روز کے ا ندر ریڈ او ربلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذکرنے اور ڈاکٹر وں کو ریڈ اور بلیو کوڈ سسٹم کی ریہرسل او رٹریننگ کرانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سی ایم ہیلتھ ویجیلنس سکواڈ کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سی ایم ہیلتھ ویجیلنس سکواڈ ہسپتال کا وزٹ کر کے وزیراعلی مریم نوازشریف کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہر ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بچوں اور بالغ مریضوں کے لئے وینٹی لیٹر مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نواز شریف نے مرحلہ وار اضلاع میں تربیت یافتہ ڈاکٹرز کی تعیناتی اور کیتھ لیب بنانے کے منصوبے کاجائزہ لیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ کیتھ لیب پراجیکٹ کی تکمیل تک ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں کنسلٹنٹ اور ہارٹ سرجنز کی موجودگی یقینی بنائی جائے- ہارٹ کنسلٹنٹ اور سرجنز ہفتے میں 2 مرتبہ ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں جاکر خدمات سرانجام دیں گے- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ نہیں چاہتی کہ کوئی مریض دل کے علاج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے جان سے جائے - مرتے ہوئے مریضوں کو علاج کے لئے دوسرے شہر جانے کا کہنا ظلم ہے، اب ایسے نہیں ہوگا- وزیراعلی مریم نوازشریف نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں کنسلٹنٹ اور سرجنز کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں درکار سپیشلسٹ کی فہرست طلب کرلی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہسپتالوں کے ایکوپمنٹ آڈٹ,ڈیتھ آڈٹ، لیب آڈٹ، نرسنگ آڈٹ اور ریکارڈ آڈٹ کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے صفائی اور پارکنگ کی آؤٹ سورس سروسز کے باقاعدہ آڈٹ کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں سٹوڈنٹس نرسز کے لئے انجکشن ایس او پیز وضع اور آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایمرجنسی او رپیڈ ز وارڈز میں ٹرینڈ اور تجربہ کار نرسز کو ڈیوٹی پر تعینات کرنے، ہسپتالوں میں موبائل فون کی بجائے رابطے کے لئے پیجر سسٹم نافذ کرنے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں دوران ڈیوٹی نرسز او رپیرا میڈیکل سٹاف کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں سی ای او اور ایم ایس کی تعیناتی کیلئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کو خود انٹرویو لینے، ڈسٹرکٹ کے ہر بڑے ہسپتال میں سی ٹی سکین او رایم آر آئی مشین کی موجودگی اور فعالیت یقینی بنانے، سرکاری ہسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمرہ سسٹم کو فعال کرنے اور باقاعدہ مانیٹرنگ کا سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہسپتالوں کے لئے شکایات سیل میں غیر جانبدار افسر تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کمپلینٹ سیل اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سیکشن کو اشتراک کار کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ہسپتالو ں میں مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کرنے کی تجاویز اورسفارشات پر غور کیا گیا۔ ہسپتالو ں میں دستیاب میڈیسن لسٹ از سر نو مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہسپتال کے اندر ہی مریض کو ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور ہسپتالوں میں فری میڈیسن ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے میڈیسن سٹور روم میں میسر ادویات کی لسٹ کو ڈیلی اپ ڈیٹ کرنے اورنمایاں آویزاں کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایمرجنسی روم کے قریب ٹراما سنٹر کے قیام اور لائف سیونگ ڈرگز یقینی بنانے کی ہدایت بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں انٹرنیشنل سٹڈی کے مطابق ہر ہسپتال میں لائف سیونگ پروٹوکول نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے تمام فیصلوں پر 3 ماہ کے اندر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ 3 ماہ میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ سرکاری ہسپتالوں کا معیار بہتر ین نجی ہسپتالوں سے بھی بہتر بنانے کا عزم ہر صورت نبھائیں گے۔