پنجاب پولیس انٹرن شپ کے 10ویں بیج کی افتتاحی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد

سٹوڈنٹس انٹرن شپ کے 10ویں بیج میں پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور کے 62 طلبا و طالبات شامل ہیں‘ ترجمان

پیر 7 جولائی 2025 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) پنجاب پولیس انٹرن شپ کے 10ویں بیج کی افتتاحی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق، سٹوڈنٹس انٹرن شپ کے 10ویں بیج میں پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور کے بی ایس کرمنالوجی ڈگری پروگرام کے 62 طلبا و طالبات شامل ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب راؤ منیر ضیا نے طلبا و طالبات کو انٹرن شپ پروگرام کے فیچرز بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرن شپ میں شامل طلبا کو 06 ہفتے دورانئے کیلئے مختلف فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ طلبا و طالبات کو فیلڈ پولیسنگ، انسداد جرائم اور پبلک سروس ڈلیوری کے پراجیکٹس بارے آگاہ کیا جائے گا۔سپیشل برانچ، سیف سٹی اتھارٹی اور انویسٹی گیشن سمیت دیگر شعبوں میں پولیسنگ کے مختلف مراحل بارے مکمل آگاہی دی جائے گی۔طلبا و طالبات انٹرن شپ مشاہدات بارے اپنی پریزنٹیشن رپورٹس بھی پیش کریں گے۔ ڈی آئی جی ٹریننگ راؤ منیر ضیا ء نے کہا کہ پنجاب پولیس تعلیم و تحقیق کے میدان میں طلبا و طالبات کے ساتھ براہ راست رابطے کو فروغ دے رہی ہے اور سٹوڈنٹس انٹرن شپ سے طلبا و طالبات کو کیرئیر ڈویلپمنٹ میں مناسب راہنمائی بھی حاصل ہو گی۔