عبدالجبار خان، میئر حیدرآباد ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پھلیلی نہر میں پڑنے والے شگاف کے مقام پر پہنچ گئے، ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا

پیر 7 جولائی 2025 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے خوراک عبدالجبار خان، میئر حیدرآباد کاشف شورو، فیصل عبدالجبار اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پھلیلی نہر میں پڑنے والے شگاف سیری کے مقام پر پہنچے، انہوں نے نورانی شریف، لکھی کھیٹی اور دیگر مقامات پر ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا اور وہاں موجود انتظامیہ سمیت ریسکیو کے عملے کو خصوصی ہدایت کی، عبدالجبار خان کا کہنا تھا کہ پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے نہر میں شگاف پڑا ہے جس سے دیہات زیر آب آئے ہیں تاہم جلد ہی اس صورت حال پر قابو پا لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریب عوام کی جماعت ہے اور وہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی جب بھی کوئی قدرتی آفت آتی ہے پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو سب سے پہلے اپنے لوگوں میں پہنچ کر انہیں امداد فراہم کرتی ہے اور ریلیف کے کام کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر متاثرہ افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، پانی میں گھرے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی خوراک اور دیگر ضروریات کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔