پاکستانی کھلاڑیوں نے متعدد کھیلوں میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،رانا محمد ارشد

پیر 7 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) صحت مند قوم بنانے کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کا فروغ بہت ضروری ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے متعدد کھیلوں میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے اکیسویں روز’’سپورٹس ڈے‘‘ کے موقع پر طلبا و طالبات سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔آپ بڑے ہو کر کھیلوں کے میدان میں بھی پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم کریں۔رانا محمد ارشد نے کہا یہاں موجود بچوں کا نظم وضبط اور جوش و خروش قابل دید ہے یہی بچے کل کو بڑے ہو کر ملک کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

آپ تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی حصہ لیں یہ آپ کی شخصیت کو نکھارنے میں مددگار ہو گا۔

آپ اپنے اندر سپورٹس مین سپرٹ پیدا کریں۔ ایک سپورٹس مین کسی حالت میں بھی ہمت نہیں ہارتا ہے۔انہوں نے کہاآپ اپنے والدین اور اساتذہ کرام کا ادب و احترام کریں' نظم و ضبط کی عادت ڈالیں اور وقت کی پابندی کریں۔ نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور آپ میں سے کئی بڑے ہو کر بہترین کھلاڑی بنیں گے۔انہوں نے کہا انسانی زندگی کیلئے کھیل بہت ضروری ہے' یہ جسم کو صحت مندتوانا رکھتا ہے۔

صحت مند قوم بنانے کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کوفروغ دینا ہوگا۔حصولِ تعلیم کے بعد آپ نے مختلف شعبوں میں جاکر وطن عزیز کی خدمت کرنی ہے لہٰذا آپ اپنی روزمرہ کی تمام سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھیں۔1994ء میں پاکستان کرکٹ، ہاکی۔ سکواش اور سنوکر کا عالمی چمپئن تھا۔’’سپورٹس ڈے‘‘ کی مناسبت سے طلبا و طالبات کے درمیان کرکٹ اور ایتھلیٹکس سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں بچوں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ پروگرام کے آخر میں طلباوطالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس نظریاتی سمر سکول کا اہتمام ادارہ نظریہ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جس کا ماٹو’’ پاکستان سے پیار کرو‘‘ہے۔